معاوضہ نہ ملا تو چینی شہری آپے سے باہر، ایکسکیویٹر سرکاری دفتر پر چڑھا دیا!

بیجنگ: چین کے صوبے شانشی میں معاوضے کے معاملے پر مبینہ اختلاف کے باعث ایک شہری نے ایکسکیویٹر کے ذریعے سرکاری عمارت کو نقصان پہنچا دیا۔ واقعے میں عمارت کے مرکزی داخلی دروازے کا ایک حصہ تباہ ہوگیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ پیر کی صبح صوبہ شانشی کے ایک انتظامی سروس سینٹر میں پیش آیا، جہاں 47 سالہ شخص نے بھاری مشینری کی مدد سے سرکاری دفتر کے مرکزی دروازے کو نشانہ بنایا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کرتی رہی، جس میں ایکسکیویٹر کو عمارت کے داخلی حصے کو نقصان پہنچاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کے وقت عمارت میں موجود ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث 47 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم اپنے مویشیوں کے فارم کو مسمار کیے جانے کے عوض ملنے والے معاوضے سے مبینہ طور پر ناخوش تھا۔ تاہم پولیس نے تاحال اس دعوے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
واقعے کے بعد سرکاری سروس سینٹر میں معمول کی سرگرمیاں بحال کردی گئیں اور عمارت کے داخلی راستے سے ملبہ ہٹانے کا کام بھی شروع کردیا گیا۔
واضح رہے کہ چین میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران معاوضوں، واجبات اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی جیسے معاملات پر عوامی ناراضی اور احتجاج کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق گرفتار شہری سے تفتیش جاری ہے اور واقعے کے اصل محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔








