قرآنی آیت سے مزین زمرد کا لاکٹ، کرینہ کپور قانونی تنازع میں پھنس گئیں

0
35
قرآنی آیت سے مزین زمرد کا لاکٹ، کرینہ کپور قانونی تنازع میں پھنس گئیں

بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان دیوالی کے موقع پر پہنی گئی ایک قیمتی جیولری کے باعث تنازع کا شکار ہوگئی ہیں۔ ان کے زمرد کے لاکٹ پر آیت الکرسی کی کندہ کاری پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کانگریس رہنما نے اداکارہ اور ان کی اسٹائلسٹ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان عباس حفیظ نے اداکارہ کرینہ کپور اور معروف اسٹائلسٹ ریا کپور کو 11 نومبر کو قانونی نوٹس ارسال کیا۔

نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا سے وہ تمام تصاویر اور ویڈیوز ہٹائی جائیں جن میں متنازع لاکٹ دکھائی دیتا ہے، جبکہ دونوں شخصیات سے عوامی سطح پر غیرمشروط معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب کرینہ کپور نے دیوالی کے موقع پر اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ تصاویر میں اداکارہ روایتی لباس اور قیمتی زیورات پہنے دکھائی دیں، تاہم ان کے گلے میں موجود تقریباً 30 قیراط کے زمرد کے لاکٹ نے سوشل میڈیا صارفین اور میڈیا کی توجہ حاصل کرلی۔

اس لاکٹ پر قرآن پاک کی آیت الکرسی کندہ ہے۔ اداکارہ کی اسٹائلسٹ ریا کپور نے بھی سوشل میڈیا پر ان کے پہنے ہوئے زیورات کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ زمرد بھوپال کے سابق شاہی خاندان سے منسوب ہے اور اسے تقریباً 200 سال قدیم تاریخی زیور قرار دیا جاتا ہے۔

کانگریس رہنما عباس حفیظ نے اپنے قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ قرآنی آیات مذہبی تقدس کی حامل ہیں اور انہیں فیشن یا آرائشی مقاصد کے لیے استعمال کرنا مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ تصاویر اور پوسٹس فوری طور پر حذف کی جائیں اور مستقبل میں بھی قرآنی آیات کو ایسے انداز میں پیش کرنے سے گریز کیا جائے جس سے ان کے تقدس پر سوال اٹھے۔

عباس حفیظ نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں وہ پولیس یا عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب کرینہ کپور اور ریا کپور کی جانب سے تاحال اس قانونی نوٹس پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ یہ معاملہ فی الحال قانونی نوٹس اور اعتراضات تک محدود ہے، جبکہ کسی عدالتی فیصلے یا قانونی خلاف ورزی کے ثابت ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

Leave a reply