کوہاٹ حملے کے بعد وزیراعظم کا سخت پیغام، دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا!

0
2
کوہاٹ حملے کے بعد وزیراعظم کا سخت پیغام، دہشت گردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا!

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کوہاٹ میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی حیدر زمان سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

وزیراعظم نے دارہ بکاخ کے مقام پر پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے جوانوں نے ملک کے امن اور عوام کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ فرض کی ادائیگی کے دوران جانیں دینے والے اہلکار پوری قوم کے لیے قابلِ فخر ہیں۔

شہباز شریف نے شہداء کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر اور استقامت کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم کے مطابق حملے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 حملہ آوروں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم پیشہ عناصر کے گٹھ جوڑ کے ذریعے ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت ملک میں پائیدار امن، استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

Leave a reply