
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اہم تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے تحت مقررہ اہداف حاصل نہ کرنے والے بعض وزرا کو عہدوں سے ہٹایا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کابینہ میں نئے افراد کو شامل کرنے اور کمزور کارکردگی دکھانے والے اراکین کو تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے ماضی میں وفاقی وزرا کو ان کی وزارتوں کے حوالے سے مخصوص اہداف دیے گئے تھے، جبکہ ان اہداف پر پیش رفت جانچنے کے لیے متعلقہ اداروں سے کارکردگی رپورٹس بھی طلب کی گئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والی رپورٹس کی بنیاد پر ان وزرا کے مستقبل کا فیصلہ کیا جا رہا ہے جو اپنی وزارتوں میں مطلوبہ نتائج دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
دوسری جانب بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بعض وزرائے مملکت کو ترقی دے کر وفاقی وزیر بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
سیاسی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مشاورت کا عمل مکمل ہونے کے بعد آئندہ چند روز میں وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کا باضابطہ اعلان کیا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال سرکاری نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔









