
ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی ایپل کے آئندہ اسمارٹ فونز آئی فون ایئر 2 اور آئی فون 18 کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ نئی لیک ہونے والی تصاویر میں دونوں فونز کے ممکنہ ڈیزائن دکھائے گئے ہیں، جس کے بعد صارفین میں ان نئے ماڈلز کے بارے میں دلچسپی بڑھ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سامنے آنے والی تصاویر میں دونوں فونز کے ڈمی ماڈلز دکھائی دیے ہیں۔ ان ماڈلز کا ڈیزائن پہلے سامنے آنے والی اطلاعات سے کافی حد تک مطابقت رکھتا ہے۔
لیک تصاویر کے مطابق آئی فون ایئر 2 کو پہلے ماڈل کی طرح انتہائی پتلا رکھا جا سکتا ہے، تاہم اس کے پچھلے حصے میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔ نئے فون میں سنگل کیمرے کی جگہ ڈوئل کیمرا سسٹم دیے جانے کا امکان ہے۔ اس میں 48 میگا پکسل کا مرکزی کیمرا اور 48 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرا شامل ہو سکتا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی فون ایئر 2 میں پہلے ماڈل کے مقابلے میں بڑی بیٹری اور زیادہ طاقتور اے 20 سیریز کا پراسیسر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب آئی فون 18 کے ڈمی ماڈل سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا مجموعی ڈیزائن آئی فون 17 سے زیادہ مختلف نہیں ہوگا۔ تاہم اندرونی ہارڈویئر میں بہتری متوقع ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس میں اے 20 چپ اور ایپل کا سی 2 موڈیم شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس کی ابتدائی قیمت 899 ڈالر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل ان دونوں اسمارٹ فونز کو مارچ یا اپریل 2027 میں متعارف کرا سکتی ہے۔
تاہم کمپنی نے فی الحال ان فونز کے ڈیزائن، خصوصیات، قیمت اور لانچ کی تاریخ کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، اس لیے سامنے آنے والی تفصیلات کو ابتدائی لیکس ہی سمجھا جانا چاہیے۔









