گھر اور کاروباری مراکز کی سیکیورٹی کے لیے جدید روبوٹ متعارف

0
38
گھر اور کاروباری مراکز کی سیکیورٹی کے لیے جدید روبوٹ متعارف

ٹیکنالوجی کی دنیا میں سیکیورٹی کے شعبے میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی کمپنی ایمیزون کے ذیلی برانڈ رنگ (Ring) نے نگرانی کے لیے مصنوعی ذہانت سے لیس دو جدید خودکار ڈیوائسز متعارف کرا دی ہیں۔ ان میں ایک ایسا ڈرون شامل ہے جو گھر کے اندر پرواز کرکے نگرانی کرے گا، جبکہ دوسرا پہیوں پر چلنے والا روبوٹ کاروباری مراکز میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گا۔

کمپنی نے اس منصوبے کو ’رنگ روبوٹکس‘ کا نام دیا ہے۔ اس کے تحت پیش کیے جانے والے پہلے آلے کو ’رنگ ڈرون کیم‘ کہا جاتا ہے، جو گھر کے مختلف کمروں میں جاکر مشکوک سرگرمیوں کا جائزہ لے سکے گا۔ یہ ڈرون سیکیورٹی الارم بجنے یا صارف کی ہدایت ملنے پر اپنے چارجنگ اسٹیشن سے پرواز کرے گا۔

اس ڈیوائس میں 2K ویڈیو ریکارڈنگ، 148 ڈگری تک دیکھنے کی صلاحیت اور 360 ڈگری گھومنے والا کیمرا نصب کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ڈرون چارجنگ اسٹیشن پر موجود ہو تو اس کا کیمرا بند رہے گا۔

دوسری ڈیوائس ’رنگ روور کیم‘ کاروباری مراکز، دفاتر اور تجارتی عمارتوں کے لیے تیار کی گئی ہے۔ یہ روبوٹ خودکار انداز میں مختلف حصوں میں گشت کرسکتا ہے اور کسی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ملنے پر متعلقہ مقام تک پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لے سکتا ہے۔ اس میں 4K ویڈیو ریکارڈنگ، سائرن، وارننگ لائٹس اور دو طرفہ آڈیو کی سہولت موجود ہے۔

دونوں ڈیوائسز میں مصنوعی ذہانت کا نظام استعمال کیا گیا ہے، جو عمارت کے نقشے اور رکاوٹوں کو سمجھ کر نگرانی کے راستے متعین کرنے میں مدد دیتا ہے۔

کمپنی کے مطابق رنگ روور کیم امریکا میں 16 دسمبر 2026 سے ایک ہزار ڈالر میں دستیاب ہوگا، جبکہ رنگ ڈرون کیم کی فروخت 27 جنوری 2027 سے 250 ڈالر میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

تاہم ان جدید آلات کے استعمال سے متعلق رازداری اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے سوالات بھی اہم ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ریکارڈنگ کو انکرپشن کے ذریعے محفوظ بنایا جائے گا۔ ڈرون کی فروخت کے لیے امریکی متعلقہ ادارے کی منظوری بھی درکار ہے۔

Leave a reply