رات کی شفٹ میں نیند پوری نہ ہونے کا مسئلہ، ماہرین نے اہم طبی تجاویز دے دیں

0
15
رات کی شفٹ میں نیند پوری نہ ہونے کا مسئلہ، ماہرین نے اہم طبی تجاویز دے دیں

رات کے اوقات میں ملازمت کرنے والے افراد اکثر نیند کی کمی، تھکاوٹ اور کام کے دوران غنودگی کا شکار رہتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق یہ کیفیت بعض اوقات ایک باقاعدہ نیند کے عارضے کی علامت ہوسکتی ہے، جسے شفٹ ورک ڈس آرڈر کہا جاتا ہے۔

امریکن اکیڈمی آف سلیپ میڈیسن نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے نئی طبی رہنما ہدایات جاری کی ہیں، جن میں ادویات کے علاوہ روزمرہ معمولات میں تبدیلی اور نیند بہتر بنانے کے مختلف طریقے تجویز کیے گئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق انسانی جسم کی قدرتی حیاتیاتی گھڑی عام طور پر رات کو سونے اور دن میں جاگنے کے مطابق کام کرتی ہے۔ تاہم رات کی ڈیوٹی یا بار بار تبدیل ہونے والی شفٹیں اس نظام کو متاثر کرسکتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں دن کے وقت نیند نہ آنا، رات کو کام کے دوران غنودگی اور مسلسل تھکاوٹ جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ علامات کم از کم تین ماہ تک برقرار رہیں تو شفٹ ورک ڈس آرڈر کا امکان ہوسکتا ہے۔

نئی ہدایات میں رات کی شفٹ کے دوران شدید غنودگی کم کرنے کے لیے موڈافینل اور آرموڈافینل جیسی ادویات پر غور کرنے کی تجویز دی گئی ہے، تاہم ان کا استعمال صرف ڈاکٹر کے مشورے سے کرنا چاہیے۔

اس کے علاوہ مناسب مقدار میں کیفین، کام کے دوران تیز روشنی اور مختصر قیلولہ بھی چوکنا رہنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

ڈیوٹی کے بعد بہتر نیند کے لیے ماہرین نے بے خوابی کی مخصوص نفسیاتی تھراپی، جسے سی بی ٹی آئی کہا جاتا ہے، کی اہمیت اجاگر کی ہے۔ بعض صورتوں میں میلاٹونن اور دیگر نیند سے متعلق ادویات بھی استعمال کی جاسکتی ہیں۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ دن میں سونے کے لیے کمرے کو تاریک، پرسکون اور ٹھنڈا رکھا جائے، جبکہ سونے اور جاگنے کے اوقات حتی الامکان مقرر کیے جائیں۔

طبی ماہرین نے واضح کیا ہے کہ ہر شخص کے لیے علاج کا طریقہ مختلف ہوسکتا ہے اور نیند آور یا بیداری بڑھانے والی ادویات خود سے استعمال کرنے کے بجائے ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔

Leave a reply