وائٹ ہاؤس کے قریب اسلحے سمیت وینزویلا کا شہری گرفتار، ٹرمپ کو قتل کرنے کی دھمکی کا انکشاف

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کے قریب ایک مسلح شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار ہونے والے 26 سالہ شخص کا تعلق وینزویلا سے بتایا جاتا ہے، جس کے قبضے سے تین مختلف ہتھیار اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے جمعرات کی شب معمول کی نگرانی کے دوران وائٹ ہاؤس کے قریب کھڑی ایک مشکوک پک اَپ گاڑی کا جائزہ لیا۔ گاڑی میں موجود شخص سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے اشاروں کے ذریعے اپنے پاس اسلحہ ہونے کی تصدیق کی۔
عدالتی دستاویزات میں گرفتار شخص کا نام رونی یورڈریکس گوانیپا کرینوس درج ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران اس نے بتایا کہ اسلحہ ایک ایسے شخص سے حاصل کیا تھا جس نے مبینہ طور پر اسے قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔
حکام کے مطابق گاڑی کی تلاشی لینے پر ایک میک 10 مشین پستول، گلاک 43 ایکس پستول اور اے آر 15 رائفل برآمد ہوئی۔ اسلحے کے ساتھ متعدد کارتوس بھی موجود تھے۔
تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم کے زیر استعمال فورڈ ایف 150 پک اَپ جنوبی کیرولائنا سے چوری کی گئی تھی۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے مطابق گرفتار شخص نے دوران تفتیش دعویٰ کیا کہ اسے آوازیں سنائی دیتی تھیں جو اسے واشنگٹن جانے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کے لیے کہتی تھیں۔ تاہم یہ دعویٰ مقدمے سے متعلق عدالتی حلف نامے میں درج نہیں کیا گیا۔
سیکریٹ سروس کے ڈائریکٹر شان کرن نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وائٹ ہاؤس کے اطراف سیکیورٹی سے متعلق خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق ادارے کے اہلکار ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ ہیں، لیکن اس نوعیت کے واقعات کی بڑھتی ہوئی تعداد باعث تشویش ہے۔
گرفتار ملزم کو امریکی مارشل سروس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ اس کے خلاف چوری شدہ گاڑی استعمال کرنے، غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے اور بغیر اجازت پستول و رائفل لے جانے سمیت متعدد الزامات کے تحت کارروائی جاری ہے۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق ملزم کو جمعے کے روز ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی سپیریئر کورٹ میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے ضمانت دیے بغیر حراست میں رکھنے کا حکم دیا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم وینزویلا کا شہری ہے اور مارچ 2024 میں ٹیکساس کے راستے امریکا میں داخل ہوا تھا۔ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ نے بھی اس کے خلاف امیگریشن ڈیٹینر جاری کردیا ہے۔









