ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات پر امریکا کا 2 کروڑ ڈالر انعام کا اعلان

0
0
ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات پر امریکا کا 2 کروڑ ڈالر انعام کا اعلان

امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم اور مصدقہ معلومات فراہم کرنے والے افراد کے لیے 2 کروڑ ڈالر تک انعام اور محفوظ مقام پر منتقلی کی پیشکش کر دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے زیرِ انتظام ’ریوارڈز فار جسٹس‘ پروگرام کے تحت یہ پیشکش ایران کی جوہری تنصیبات، حساس آلات، سائنس دانوں اور اس پروگرام سے وابستہ اہم شخصیات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے کی گئی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔ معلومات فراہم کرنے والے افراد کو محفوظ رابطے کے ذرائع استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان جوہری معاملے پر کشیدگی برقرار ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔

امریکی حکام کے مطابق ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا جا رہا ہے، تاہم کسی حتمی فیصلے یا حکم کا اعلان نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی سابقہ رپورٹس میں ایران کی جانب سے یورینیم کی 60 فیصد تک افزودگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ سطح جوہری ہتھیاروں میں استعمال ہونے والی تقریباً 90 فیصد افزودگی کی سطح سے کم ہے، تاہم جوہری عدم پھیلاؤ کے حوالے سے اسے تشویش ناک قرار دیا جاتا ہے۔

ایجنسی کو ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بعض اہم آلات اور سرگرمیوں کی نگرانی میں بھی مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی انعامی پیشکش کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات تک رسائی بڑھانے کے ساتھ ساتھ تہران پر سفارتی اور سیاسی دباؤ میں اضافہ کرنا بھی ہو سکتا ہے۔

امریکی اقدام پر خطے کی سیاسی اور سفارتی صورتحال میں مزید بحث متوقع ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب جوہری مذاکرات اور ممکنہ فوجی کارروائیوں سے متعلق غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

Leave a reply