خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

0
24
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

پشاور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں فوری طور پر روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں انتخابی سرگرمیاں تاحکمِ ثانی معطل کر دی ہیں۔

یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں وفاقی حکومت کے 4 نومبر کو جاری کردہ آرڈر نمبر 3 اور اس کے آئینی و قانونی اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے حالیہ حکم نامے اور آئینی شقوں کی معطلی کے باعث صوبے کے کسی بھی ضلع میں اس وقت بلدیاتی انتخابات کرانا ممکن نہیں رہا۔ اس صورت حال میں انتخابی عمل کو آگے بڑھانا قانونی اور انتظامی مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت مقامی حکومتوں کے انتخابات کا انعقاد اس کی ذمہ داری ہے، تاہم موجودہ آئینی صورت حال کے باعث انتخابی سرگرمیاں جاری رکھنا ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 28 اکتوبر کو فیصلہ دیا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ان 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں جہاں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جبکہ ہنگامی صورت حال سے متاثرہ 12 اضلاع میں انتخابات مؤخر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

صوبائی حکومت نے سیکیورٹی خدشات، امن و امان کی صورت حال اور بعض علاقوں میں فوجی تعیناتی کو انتخابات میں تاخیر کی وجوہات قرار دیا تھا۔

دوسری جانب صوبے میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی اداروں کی مدت مارچ 2026 جبکہ دوسرے مرحلے کے اداروں کی مدت جون 2026 میں ختم ہو چکی ہے۔

الیکشن کمیشن کے تازہ فیصلے کے بعد بلدیاتی انتخابات کے نئے شیڈول کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ انتخابی عمل کی بحالی کا فیصلہ آئینی اور قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

Leave a reply