یونان کی یونیورسٹی میدانِ جنگ بن گئی، 50 سے زائد نقاب پوش افراد کا طلبہ پر دھاوا!

0
26
یونان کی یونیورسٹی میدانِ جنگ بن گئی، 50 سے زائد نقاب پوش افراد کا طلبہ پر دھاوا!

ایتھنز: یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں واقع ایک یونیورسٹی کے کیمپس میں 50 سے زائد نقاب پوش افراد نے طلبہ کے اجتماع پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں تین طلبہ زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے اور مبینہ طور پر پیٹرول بموں سمیت خطرناک ہتھیاروں کا استعمال کیا۔ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا، جس کے بعد زخمی طلبہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

طبی حکام کے مطابق تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں ضروری طبی امداد فراہم کردی گئی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، تاہم تاحال حملہ آوروں کی شناخت، حملے کے محرکات اور ان کی گرفتاری سے متعلق کوئی باضابطہ اطلاع سامنے نہیں آئی۔

یونان کی وزارت تعلیم نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی مذمت کی ہے۔ وزارت کے مطابق تعلیمی اداروں میں اس قسم کا تشدد نہ صرف تعلیمی ماحول بلکہ آزادی اظہار کے بنیادی اصولوں کے بھی منافی ہے۔

واضح رہے کہ یونان میں گزشتہ ماہ طلبہ اور اساتذہ نے تعلیمی شعبے کے لیے حکومتی بجٹ بڑھانے، تعلیمی سہولتوں میں بہتری اور کلاس رومز میں طلبہ کی تعداد محدود کرنے کے مطالبات پر احتجاج کیا تھا۔ طلبہ تنظیموں کی جانب سے رواں ماہ مزید احتجاجی مظاہروں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

Leave a reply