چوری کے بعد چور کا ضمیر جاگ اٹھا؟ قیمتی گھڑی معافی نامے کے ساتھ واپس!

0
15
چوری کے بعد چور کا ضمیر جاگ اٹھا؟ قیمتی گھڑی معافی نامے کے ساتھ واپس!

ٹوکیو: جاپان میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں کروڑوں روپے مالیت کی لگژری گھڑی چوری کرنے والے شخص نے چند روز بعد اسے معافی کے مختصر پیغام کے ساتھ واپس دکان پہنچا دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوکیو میں ایک شخص گاہک بن کر لگژری گھڑیوں کی دکان میں داخل ہوا اور سوئس برانڈ آڈیمار پیگے (Audemars Piguet) کی ایک قیمتی گھڑی دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔

دکان کے عملے نے اسے گھڑی پہن کر دیکھنے کی اجازت دی، تاہم گھڑی کلائی پر باندھنے کے بعد ملزم اسے واپس کرنے کے بجائے دکان سے باہر بھاگ گیا۔ چوری ہونے والی گھڑی کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار ڈالر بتائی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں کروڑوں روپے بنتی ہے۔

واقعے نے اس وقت غیر معمولی رخ اختیار کیا جب چند روز بعد دکان کو جاپان کے صوبے آئچی سے ایک کوریئر پارسل موصول ہوا۔ پارسل کھولنے پر اس میں چوری شدہ گھڑی موجود تھی، جس کے ساتھ ایک مختصر نوٹ بھی رکھا گیا تھا۔ نوٹ پر صرف ایک لفظ ’’سوری‘‘ درج تھا۔

جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے گھڑی کا سیریل نمبر چیک کیا تو تصدیق ہوگئی کہ یہ وہی گھڑی ہے جو کچھ روز قبل دکان سے چوری ہوئی تھی۔

دکان کی انتظامیہ نے واقعے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے، جبکہ ٹوکیو پولیس تاحال گھڑی چوری کرنے والے شخص کی تلاش میں مصروف ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی شاپنگ کمپلیکس میں اس سے قبل بھی قیمتی گھڑیوں کی چوری کا واقعہ پیش آچکا ہے، جس میں ایک دوسری دکان سے چار لگژری گھڑیاں چوری ہوئی تھیں۔ ان کی مجموعی مالیت تقریباً 20 کروڑ جاپانی ین بتائی گئی تھی۔

Leave a reply