
اسلام آباد: گوگل نے انکشاف کیا ہے کہ 13 لاکھ سے زائد اینڈرائیڈ ڈیوائسز ایک بڑے سائبر حملے کا نشانہ بنیں، جن میں خفیہ طور پر جاسوسی سافٹ ویئر نصب کرکے انہیں بوٹ نیٹ کا حصہ بنایا گیا۔
گوگل کے مطابق اس سائبر مہم میں زیادہ تر اینڈرائیڈ ٹی وی باکسز متاثر ہوئے، جبکہ اس کا دائرہ دنیا کے 200 سے زائد ممالک تک پھیلا ہوا تھا۔ متاثرہ ڈیوائسز کو صارفین کی اجازت کے بغیر سائبر جرائم کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس کارروائی کا تعلق چین کے شہر شین ژین میں قائم کمپنی ویڈیو اسٹرونگ ٹیکنالوجی سے جوڑا گیا ہے۔ الزام ہے کہ کمپنی نے ڈیوائسز کی تیاری کے دوران ہی ان میں نقصان دہ سافٹ ویئر شامل کیا، جسے بعد میں صارفین کی نگرانی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا گیا۔
گوگل کے مطابق اس سافٹ ویئر کا نام ایکس سی پی ای (XCPe) بتایا گیا ہے۔ یہ ڈیوائس پہلی مرتبہ چلنے پر فعال ہو جاتا تھا اور اسے سسٹم تک وسیع رسائی حاصل ہو سکتی تھی۔ اس کے ذریعے ایپس انسٹال کرنے، مختلف کمانڈز چلانے، اسکرین شاٹس لینے اور صارفین کے اکاؤنٹس سمیت دیگر معلومات جمع کرنے کی صلاحیت موجود تھی۔
سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے سافٹ ویئر سے متاثرہ ڈیوائسز کو اشتہارات میں دھوکا دہی، ڈیٹا چوری اور مزید نقصان دہ پروگرامز پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مزید یہ کہ ان ڈیوائسز کے انٹرنیٹ کنکشن کو ریزیڈینشل پراکسی کے طور پر استعمال کرکے سائبر مجرم اپنی آن لائن سرگرمیاں چھپا سکتے ہیں۔
گوگل نے بتایا کہ اینڈرائیڈ ٹی وی باکسز کے علاوہ ٹیلی ہیلتھ آلات، کراوکے مشینوں اور ڈیجیٹل ڈسپلے سسٹمز میں بھی یہ سافٹ ویئر دریافت ہوا۔ تاہم متاثرہ ڈیوائسز کے برانڈز اور ماڈلز کی مکمل فہرست جاری نہیں کی گئی۔
کمپنی کے مطابق ویڈیو اسٹرونگ ٹیکنالوجی کو مصدقہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کی تیاری، فروخت اور سافٹ ویئر کی فراہمی سے روک دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف سائبر سکیورٹی اداروں کے تعاون سے بوٹ نیٹ کے زیر استعمال سرورز اور انٹرنیٹ ڈومینز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
اس آپریشن میں جاپان کی نیشنل پولیس ایجنسی سمیت متعدد عالمی سائبر سکیورٹی اداروں نے حصہ لیا۔ گوگل کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں مزید تقریباً ایک کروڑ ڈیوائسز تک مجرمانہ نیٹ ورک کی ممکنہ رسائی روکنے میں بھی مدد ملی۔
گوگل نے مستقبل میں ایسے خطرات سے بچاؤ کے لیے اینڈرائیڈ ٹی وی ڈیوائسز کے سافٹ ویئر اور فرم ویئر کی جانچ کے نظام کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ انٹرنیٹ سے منسلک الیکٹرانک آلات خریدتے وقت معتبر مینوفیکچررز اور قابل اعتماد فروخت کنندگان کو ترجیح دیں، کیونکہ غیر معیاری ڈیوائسز میں پہلے سے نقصان دہ سافٹ ویئر موجود ہونے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
صارفین کے لیے اہم بات: صرف اینڈرائیڈ ٹی وی باکس کا استعمال اس کے متاثر ہونے کا ثبوت نہیں، تاہم غیر معروف برانڈز کی ڈیوائسز استعمال کرنے والے افراد کو خصوصی احتیاط برتنی چاہیے۔








