آسٹریلوی اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ

0
17
آسٹریلوی اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ

آسٹریلیا کے نامور آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے ساتھ ہی ان کا 14 سالہ انٹرنیشنل کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 38 سالہ کرکٹر نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے آسٹریلوی ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ ورلڈ کپ سے قبل اور بعد میں بھی مشاورت ہوئی تھی۔

گلین میکسویل نے 2012 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا اور اپنی جارحانہ بیٹنگ، منفرد اسٹروک پلے اور آل راؤنڈ صلاحیتوں کی بدولت دنیا بھر میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 149 ون ڈے میچز میں 3 ہزار 990 رنز بنائے، جبکہ 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل مقابلوں میں 2 ہزار 897 رنز اسکور کیے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی انہوں نے 7 میچز میں ملک کی نمائندگی کی۔

میکسویل کے کیریئر کی سب سے یادگار اننگز 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف سامنے آئی، جب انہوں نے شدید جسمانی تکلیف کے باوجود ناقابل شکست 201 رنز بنا کر آسٹریلیا کو تاریخی کامیابی دلائی۔ اس مقابلے میں آسٹریلوی ٹیم 91 رنز پر 7 وکٹیں کھو چکی تھی، تاہم میکسویل نے اپنی غیر معمولی کارکردگی سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

وہ 2015 اور 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے علاوہ 2021 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔

واضح رہے کہ میکسویل اس سے قبل ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے تھے، تاہم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی جاری رکھے ہوئے تھے۔

انٹرنیشنل کرکٹ سے علیحدگی کے ساتھ انہوں نے ریاست وکٹوریہ کی جانب سے لسٹ اے اور فرسٹ کلاس کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا ہے۔ تاہم شائقین انہیں بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی جانب سے کھیلتے ہوئے دیکھ سکیں گے۔

گلین میکسویل کا شمار جدید کرکٹ کے ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے جارحانہ کھیل اور غیر معمولی صلاحیتوں سے کئی یادگار مقابلوں کو تاریخ کا حصہ بنایا۔

Leave a reply