
ویب ڈیسک: معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے انتہائی پتلے اسمارٹ فون آئی فون ایئر کا نیا ماڈل متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس میں کارکردگی، کیمرہ اور بیٹری کے حوالے سے نمایاں بہتری متوقع ہے۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق آئی فون ایئر 2 کو 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ تاہم کمپنی کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
نئے ماڈل میں متوقع تبدیلیوں میں سب سے اہم اے 20 سیریز کا پراسیسر ہے، جو فون کی رفتار اور مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
کیمرا سسٹم میں بھی بڑی پیش رفت متوقع ہے۔ موجودہ آئی فون ایئر میں صرف ایک 48 میگا پکسل کا بیک کیمرا موجود ہے، جبکہ نئے ماڈل میں ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اس میں 48 میگا پکسل کا مین کیمرا اور 48 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرا شامل ہو سکتا ہے۔
بیٹری کے معاملے میں بھی صارفین کو بہتری دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق آئی فون ایئر 2 میں پہلے ماڈل کی 3149 ایم اے ایچ بیٹری کے مقابلے میں زیادہ گنجائش والی بیٹری دی جائے گی۔ بعض رپورٹس میں اس کی گنجائش تقریباً 3500 ایم اے ایچ بتائی گئی ہے۔
ڈیزائن کے حوالے سے بھی یہ فون توجہ حاصل کر سکتا ہے۔ پہلے آئی فون ایئر کی موٹائی 5.6 ملی میٹر تھی، جبکہ نئے ماڈل کو مزید پتلا کرکے تقریباً 5.2 ملی میٹر تک لانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسمارٹ فون میں 6.55 انچ کی او ایل ای ڈی ڈسپلے اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ بھی دیے جانے کی توقع ہے۔
اگر یہ تفصیلات درست ثابت ہوئیں تو آئی فون ایئر 2 بہتر کیمرا، بڑی بیٹری اور نئے پراسیسر کے ساتھ ایپل کے پتلے ترین اسمارٹ فونز میں ایک اہم اضافہ ثابت ہو سکتا ہے۔
فی الحال اس فون کی حتمی لانچ تاریخ اور قیمت کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم مارچ 2027 میں اس کی رونمائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔









