زیبی بٹ کو کس سے خطرہ تھا؟ ہلاکت سے پہلے کی ویڈیو وائرل

0
6
زیبی بٹ کو کس سے خطرہ تھا؟ ہلاکت سے پہلے کی ویڈیو وائرل

لاہور: مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے شاہ زیب عرف زیبی بٹ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں وہ اپنی جان کو خطرہ لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کرتا دکھائی دیتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سے سیاسی مخالفت کے باعث اسے پولیس مقابلے میں قتل کیا جا سکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ ویڈیو زیبی بٹ کی ہلاکت سے ایک روز قبل کی ہے، جب اسے عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔ اس موقع پر اس نے اپنی اہلیہ، وکیل اور دیگر افراد کے سامنے خدشہ ظاہر کیا کہ اس کے مخالفین بااثر ہیں اور اسے نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ شاہ زیب عرف زیبی بٹ یکم نومبر کو لاہور میں پولیس کی کارروائی کے دوران ہلاک ہوگیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کو ریکوری کے لیے منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں اس کے مسلح ساتھیوں نے اسے چھڑانے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں زیبی بٹ ہلاک جبکہ فاروق نامی ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب ویڈیو سامنے آنے کے بعد کاؤنٹر کرائم ڈائریکٹوریٹ (سی سی ڈی) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شاہ زیب عرف زیبی بٹ کے مقدمے کی تفتیش اور اس کی ہلاکت سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ زیبی بٹ کے خلاف قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری سمیت 20 سے زائد مقدمات درج تھے۔ اسے شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے بھتہ خوری کے ایک مقدمے میں کوہاٹ سے گرفتار کیا تھا۔

واقعے کے بعد ملزم کی جانب سے پہلے ظاہر کیے گئے خدشات اور پولیس کے بیان کردہ واقعے کی تفصیلات نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، تاہم واقعے کی اصل صورتحال جاننے کے لیے شفاف تحقیقات اہم قرار دی جا رہی ہیں۔

Leave a reply