ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی خونی سانحے میں تبدیل، ایک اور زخمی دم توڑ گیا

0
27
ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی خونی سانحے میں تبدیل، ایک اور زخمی دم توڑ گیا

سیالکوٹ: معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں پیش آنے والے افسوسناک بھگدڑ کے واقعے میں ایک اور زخمی دم توڑ گیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی، جبکہ 12 افراد زخمی حالت میں زیرِ علاج ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ ڈسکہ روڈ پر واقع کرکٹ اسٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں شرکت کے لیے عوام کو مدعو کیا گیا تھا۔ تقریب میں قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات تقسیم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا تھا، جس کے باعث سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم پہنچے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تقریب شروع ہونے سے قبل ہی گراؤنڈ میں اچانک بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 14 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں عقیل اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا، جبکہ لاہور منتقل کیے جانے والے ریحان کی بھی جان نہ بچائی جاسکی۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ موترہ میں عنصر جٹ عرف مسٹر پتلو سمیت 40 سے زائد نامزد اور نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق اب تک 6 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ مرکزی ملزم مسٹر پتلو کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Leave a reply