محبت کی خاطر لڑکی کا انتہائی قدم، ٹاور پر چڑھ کر شادی کا مطالبہ

اتر پردیش: بھارت کی ریاست اتر پردیش میں پسند کی شادی کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر 19 سالہ لڑکی موبائل ٹاور پر چڑھ گئی، تاہم آن لائن نکاح کی یقین دہانی کے بعد وہ بحفاظت نیچے اتر آئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق صاحبہ عرف مہک نامی لڑکی اپنے 21 سالہ دوست نورالدین سے شادی کرنا چاہتی تھی، لیکن دونوں خاندان اس رشتے کے مخالف تھے۔
خاندانی مخالفت اور والدہ سے تلخ کلامی کے بعد مہک تقریباً 100 فٹ بلند موبائل ٹاور پر چڑھ گئی اور اپنا مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں نیچے چھلانگ لگانے کی دھمکی دے دی۔
اطلاعات کے مطابق لڑکی تقریباً چار گھنٹے تک ٹاور پر موجود رہی۔ اس دوران پولیس، اہل خانہ اور مقامی افراد اسے نیچے اترنے کے لیے سمجھاتے رہے، تاہم وہ اپنے فیصلے پر قائم رہی۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر پولیس نے ممبئی میں موجود نورالدین سے رابطہ کیا اور دونوں خاندانوں کے درمیان معاملہ حل کرنے کی کوشش کی، لیکن خاندانی رضامندی حاصل نہ ہوسکی۔
بعد ازاں ایک مقامی عالم دین نے ویڈیو کال کے ذریعے دونوں کا آن لائن نکاح پڑھایا، جس میں نورالدین نے ممبئی سے شرکت کی۔
نکاح کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مہک پولیس کی مدد سے ٹاور سے بحفاظت نیچے اتر آئی۔








