
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی اپنی جم کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے۔
اداکار نے حال ہی میں ورزش کے دوران لی گئی اپنی ایک تصویر مداحوں کے ساتھ شیئر کی، جس میں وہ اپنے جسمانی خدوخال اور مسلز کی نمائش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے فٹنس اور متوازن غذا کی اہمیت پر بھی تفصیلی پیغام دیا۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ چھ برس سے باقاعدگی کے ساتھ ورزش کر رہے ہیں، تاہم دو سال قبل انہیں احساس ہوا کہ جسمانی فٹنس کے لیے صرف ورزش کافی نہیں بلکہ غذائیت بھی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
ان کے مطابق اچھی صحت اور بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ کیا کھانا چاہیے، کتنی مقدار میں کھانا چاہیے اور کس وقت غذا استعمال کرنی چاہیے۔ اس کے ساتھ مناسب ورزش، جسمانی بحالی اور ضروری وٹامنز کا خیال رکھنا بھی اہم ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ جسمانی نتائج حاصل کرنے میں وقت لگ سکتا ہے، لیکن درست معلومات، مستقل مزاجی اور نظم و ضبط کے ذریعے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب فیصل قریشی کی اس تصویر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ جہاں کچھ لوگ ان کی فٹنس اور محنت کو سراہ رہے ہیں، وہیں بعض صارفین نے تصویر پر تنقید بھی کی۔








