ٹرمپ کا دعویٰ: ایران کےمیزائل امریکی شہروں کیلیے خطرہ بن سکتے ہیں

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ایسے میزائل تیار کرلیے ہیں جو یورپ کے علاوہ امریکا کے شہروں لاس اینجلس اور سان ڈیاگو تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے جنگ کا آغاز نہیں کیا بلکہ ایران نے امریکا کے خلاف محاذ کھولا۔
مسیسیپی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے میزائلوں کی رسائی میں اضافہ ہوچکا ہے اور یہ صلاحیت یورپ سے آگے امریکی سرزمین کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔
امریکی صدر کے مطابق ایران سے لاحق خطرات کے پیش نظر فوجی کارروائی ضروری تھی اور ان کے خیال میں یہ اقدام پہلے ہی کیا جانا چاہیے تھا۔
امریکی صدر نے ایران کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے ذریعے مثبت رویہ اختیار کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ اس انتظام سےمطمئن نہیں تھے۔
ٹرمپ کے تازہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی، ممکنہ فوجی کارروائیوں اور مذاکرات کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال برقرار ہے۔









