اسرا عائشہ کو اب تک کتنے شادی کے رشتے ملے؟ ماڈل نے دلچسپ انکشافات کر دیے

0
14
اسرا عائشہ کو اب تک کتنے شادی کے رشتے ملے؟ ماڈل نے دلچسپ انکشافات کر دیے

کراچی: پاکستانی ماڈل اسرا عائشہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اب تک تقریباً 60 سے 70 شادی کی پیشکشیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں شادی شدہ مردوں کی جانب سے آنے والے پیغامات بھی شامل ہیں۔

ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے اسرا عائشہ نے اپنی شادی سے متعلق مختلف واقعات بیان کیے اور بتایا کہ انہیں رشتہ داروں، دوستوں اور دیگر افراد کی جانب سے شادی کی پیشکشیں موصول ہوتی رہی ہیں۔

ماڈل کے مطابق، ان کی دادی کی خواہش تھی کہ ان کی شادی اپنے چچا کے بیٹے سے ہو جائے۔ دادی اس مقصد کے لیے اکثر ان کے گھر رشتہ لے کر آتی تھیں، تاہم اسرا انہیں یہی کہتی تھیں کہ وہ جب چاہیں گھر آ سکتی ہیں، لیکن شادی کی بات نہ کریں۔

اسرا عائشہ نے یہ بھی بتایا کہ ایک سیاست دان کی جانب سے انہیں شادی کی پیشکش ہوئی تھی۔ ان کے بقول، اس شخص نے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کرنے پر گاڑیوں، کریڈٹ کارڈز، ایندھن اور سفر سمیت مختلف آسائشیں فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم، اس شخص کے پہلے سے شادی شدہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے اس پیشکش میں دلچسپی نہیں لی۔

ماڈل نے مزید بتایا کہ انہیں بیرون ملک مقیم ایک شادی شدہ شخص کی جانب سے بھی رشتے کی پیشکش ہوئی تھی۔ اس شخص کا دعویٰ تھا کہ اس کی اہلیہ نے اسے دوسری شادی کی اجازت دے دی ہے۔

اسرا عائشہ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں پہلی بیوی بظاہر اجازت دے بھی دے تو ضروری نہیں کہ وہ اس فیصلے سے دل سے خوش ہو۔ وہ کسی دوسرے کی ازدواجی زندگی اور خوشیوں کو متاثر کرکے اپنا گھر بسانا نہیں چاہتیں۔

انہوں نے اپنے شریکِ حیات کے حوالے سے واضح کیا کہ وہ ایسے شخص سے شادی کرنا چاہتی ہیں جو خواتین کی عزت کرے اور رشتے میں وفاداری کو اہمیت دے۔

Leave a reply