پشاور میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، ایک اہلکار شہید، تین زخمی

0
14
پشاور میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، ایک اہلکار شہید، تین زخمی

پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے حسن خیل میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق حسن خیل میں واقع سپین میلہ پولیس پوسٹ کو گزشتہ شب 30 سے زائد مسلح حملہ آوروں نے دو اطراف سے نشانہ بنایا۔ حملہ آوروں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، تاہم چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار نے جام شہادت نوش کیا جبکہ تین اہلکار زخمی ہوئے۔ دوسری جانب متعدد حملہ آوروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم پولیس حکام نے تاحال ان اطلاعات کی تصدیق نہیں کی۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کا سراغ لگایا جاسکے۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے استعمال کیا جانے والا ایک دیسی ساختہ دھماکا خیز آلہ (آئی ای ڈی) بھی برآمد ہوا، جسے بم ڈسپوزل عملے نے ناکارہ بنا دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ واقعے سے متعلق تحقیقات اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔

Leave a reply