میٹا کے دو نئے اے آئی ماڈلز متعارف، جدید فیچرز اور ماہانہ سبسکرپشن کی تفصیلات سامنے آگئیں

0
11
میٹا کے دو نئے اے آئی ماڈلز متعارف، جدید فیچرز اور ماہانہ سبسکرپشن کی تفصیلات سامنے آگئیں

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اپنی پیش رفت جاری رکھتے ہوئے دو نئے اے آئی ماڈلز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کے نام میوز ونڈو اور میوز ونڈر فل بتائے گئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ ماڈلز ذاتی اور پیشہ ورانہ نوعیت کے پیچیدہ کام انجام دینے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

میٹا کا کہنا ہے کہ نئے ماڈلز کی بنیاد میوز اسپارک پر رکھی گئی ہے، جسے رواں سال متعارف کرایا گیا تھا۔ کمپنی نے انہیں اپنی اب تک کی جدید ترین اے آئی ٹیکنالوجی قرار دیا ہے۔

میوز ونڈر فل میں جدید صلاحیتیں شامل

میٹا کے مطابق میوز ونڈر فل ایک پریمیم اے آئی ماڈل ہے، جسے ابتدا میں میٹا ماڈل اے پی آئی کے ذریعے فیس ادا کرنے والے ڈویلپرز کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اس ماڈل کے سبسکرپشن پلانز کی ماہانہ قیمت 20 سے 100 ڈالر تک بتائی گئی ہے۔ اس میں ایکٹیو میموری اور ایکٹیو فوکس جیسے فیچرز شامل ہیں، جن کا مقصد صارفین کے ساتھ ہونے والی گفتگو کی معلومات کو ضرورت کے مطابق یاد رکھنا اور تکنیکی کاموں میں اے آئی ایجنٹس کی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔

کمپنی کے مطابق ماڈل کو اس انداز میں تربیت دی گئی ہے کہ صارفین کی نجی معلومات کو ان کی اجازت کے بغیر شیئر کرنے سے گریز کیا جائے۔

میوز ونڈو فل کمپنیوں کے لیے تیار

دوسرا ماڈل میوز ونڈو فل پہلے ماڈل سے زیادہ جدید صلاحیتوں کا حامل قرار دیا گیا ہے۔ اسے بالخصوص کاروباری اداروں اور پیشہ ورانہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں اس تک رسائی صرف ڈویلپرز کو فراہم کی جائے گی، جبکہ اس کی ماہانہ سبسکرپشن کی قیمت 50 سے 200 ڈالر کے درمیان رکھی گئی ہے۔

اے آئی کی عالمی مسابقت میں میٹا کی پیش رفت

میٹا کی جانب سے نئے ماڈلز کا اجرا ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اوپن اے آئی، گوگل اور انتھروپک جیسی کمپنیوں کے درمیان مقابلہ بڑھ رہا ہے۔

دوسری جانب اے آئی ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ اس کے ممکنہ خطرات، صارفین کی رازداری اور مؤثر نگرانی سے متعلق خدشات بھی زیر بحث ہیں۔

میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ اس سے قبل یہ مؤقف اختیار کر چکے ہیں کہ اگر مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کو ذمہ داری کے ساتھ تیار کیا جائے تو ان سے وابستہ ممکنہ مسائل کومحدود کیاجاسکتا ہے۔

نئے ماڈلز کی پیش کش کو میٹا کی جانب سے اے آئی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم ان کی حقیقی کارکردگی کا اندازہ وسیع پیمانے پر استعمال اور آزادانہ جائزوں کے بعد ہی لگایا جا سکے گا۔

Leave a reply