
ممبئی/گووا: بھارتی اور مراٹھی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں گووا میں اپنی رہائش گاہ پر شدید نوعیت کا دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر جمعرات کی صبح گووا کے علاقے دونا پولا میں واقع اپنی رہائش گاہ پر بے ہوش پائے گئے۔ بعد ازاں انہیں منی پال اسپتال پہنچایا گیا، جہاں طبی عملے نے ان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی۔
اسپتال کے حکام کے مطابق ڈاکٹروں نے تقریباً 45 منٹ تک مسلسل سی پی آر کے ذریعے ان کی دھڑکن بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم ان کی حالت میں بہتری نہ آ سکی اور صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
ڈاکٹر شیکھر سالکر کجمطابق واقعے کے حوالے سے میڈیکو لیگل کیس درج کیا ہے، جبکہ موت کی حتمی وجہ جاننے کیلیے پوسٹ مارٹم کیا جائیگا۔ ابتدائی طور پر شدید ہارٹ اٹیک کو موت کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔
حکام نے واقعے کی قانونی کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق کسی مجرمانہ سازش یا غیر معمولی صورتحال کے شواہد سامنے نہیں آئے، تاہم پولیس تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔
نانا پاٹیکر کا اصل نام وشوناتھ پاٹیکر تھا۔ انہوں نے ہندی اور مراٹھی فلموں کے علاوہ تھیٹر اور ٹیلی ویژن میں بھی نمایاں کام کیا اور اپنی منفرد اداکاری کے باعث بھارتی شوبز میں ایک الگ مقام بنایا۔
ان کے مشہور فلمی کاموں میں پرندہ، کرانتی ویر، اگنی ساکشی، اب تک چھپن، ویلکم اور نٹ سمراٹ شامل ہیں۔ قومی ایوارڈ یافتہ اداکار نے اپنے طویل کیریئر میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے اور کئی یادگار پرفارمنسز دیں۔
رپورٹ کے مطابق ان کی آخری فلم او رومیو فروری 2026 میں ریلیز ہوئی، جبکہ وہ پرائم ویڈیو کی فلم صوبیدار میں بھی دکھائی دیے تھے۔
نانا پاٹیکر کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی فلمی صنعت، خصوصاً ہندی اور مراٹھی سینما سے وابستہ حلقوں میں سوگ کی فضا ہے۔









