پاکستانی جامعات کی عالمی رینکنگ میں پوزیشن مایوس کن، ٹاپ 400 میں کوئی نام نہیں

اسلام آباد: ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) کی 2027 کی عالمی جامعاتی درجہ بندی میں پاکستان کی کوئی بھی یونیورسٹی دنیا کی 400 بہترین جامعات میں شامل نہیں ہو سکی۔
رینکنگ کے مطابق پاکستان کی اعلیٰ پوزیشن قائداعظم یونیورسٹی کی ہے، جو 551 سے 600 کے گروپ میں شامل ہے۔ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) 601 سے 650، جبکہ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد 651 سے 700 کے درجے میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد اور یونیورسٹی آف لاہور 701 سے 800 کے گروپ میں شامل ہیں۔
801 سے 1000 کے گروپ میں عبد الولی خان یونیورسٹی مردان، ایئر یونیورسٹی، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ، گومل یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، اقراء یونیورسٹی، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سمیت متعدد پاکستانی جامعات شامل ہیں۔
1001 سے 1200 کے گروپ میں LUMS، یونیورسٹی آف پشاور، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، PMAS اریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی اور دیگر اداروں کو جگہ دی گئی ہے۔
1201 سے 1400 کے گروپ میں یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، یونیورسٹی آف سرگودھا، بحریہ یونیورسٹی اور دیگر شامل ہیں، جبکہ 1401 سے 1600 کے درجے میں انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی اور سپیریئر یونیورسٹی شامل ہیں۔
جامعہ کراچی 1601 سے 1800 کے گروپ میں جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور خیبر میڈیکل یونیورسٹی 1801 سے 2000 کے گروپ میں شامل ہیں۔ نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (NUMS) کی پوزیشن 2001 سے آگے رہی۔
عالمی سطح پر آکسفورڈ بدستور پہلے نمبر پر
دنیا کی مجموعی درجہ بندی میں برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی نے مسلسل گیارہویں مرتبہ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ امریکا کا میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (MIT) دوسرے نمبر پر رہا۔
پرنسٹن یونیورسٹی اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی مشترکہ طور پر تیسرے، کیمبرج یونیورسٹی پانچویں اور ہارورڈ یونیورسٹی چھٹے نمبر پر رہی۔
کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ساتویں، امپیریل کالج لندن آٹھویں جبکہ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے اور ییل یونیورسٹی مشترکہ طور پر نویں نمبر پر رہیں۔ دنیا کی ٹاپ 10 جامعات میں امریکا کی سات اور برطانیہ کی تین جامعات شامل ہیں۔
ایشیائی جامعات میں چین کی نمایاں پوزیشن
ایشیا میں چین کی سنگھوا یونیورسٹی 11ویں اور پیکنگ یونیورسٹی 13ویں نمبر پر موجود ہیں۔ چین کی 17 جامعات دنیا کی ٹاپ 200 جامعات میں شامل ہوئیں۔
جاپان کی یونیورسٹی آف ٹوکیو 27ویں جبکہ کیوٹو یونیورسٹی مشترکہ طور پر 62ویں نمبر پر رہی۔ ملائیشیا کی یونیورسٹی آف ملايا بھی پہلی بار ٹاپ 200 میں شامل ہوئی اور مشترکہ طور پر 194ویں پوزیشن حاصل کی۔
پاکستانی اعلیٰ تعلیم کے لیے اہم سوالات
THE کی درجہ بندی میں پاکستان کی 56 جامعات کو مختلف درجوں میں جگہ ملی ہے، تاہم کسی بھی پاکستانی ادارے کا ٹاپ 400 تک نہ پہنچ پانا ملک میں تحقیق، علمی پیداوار، بین الاقوامی تعاون اور اعلیٰ تعلیم کے معیار سے متعلق سوالات کو دوبارہ نمایاں کرتا ہے۔
ماہرین کے نزدیک عالمی درجہ بندی میں بہتری کے لیے جامعات کو تحقیق کے معیار، بین الاقوامی علمی روابط، فیکلٹی کی استعداد اور تحقیقی اثرات پر زیادہ توجہ دینا ہوگی۔









