راولپنڈی: موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ واسا کے تمام فیلڈ افسران اور عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق بارش کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ ممکنہ صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح تقریباً 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر 2 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
واسا حکام کے مطابق صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور بارش کے دوران فیلڈ ٹیمیں متحرک رہیں گی۔









