سعودی عرب میں بارشوں کا سلسلہ جاری، کئی علاقوں میں شدید بارش اور سیلاب کا خدشہ

سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے، تاہم حکام نے بعض علاقوں میں شدید بارش، تیز ہواؤں اور اچانک سیلاب کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق مملکت کے متعدد علاقوں میں آئندہ جمعے تک مختلف شدت کی بارشیں متوقع ہیں۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جازان، عسیر، الباحہ، تبوک اور دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی جبکہ بعض مقامات پر درمیانی سے موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
موسمی صورتحال کے دوران کچھ علاقوں میں گرج چمک، ژالہ باری، تیز ہواؤں، گردوغبار اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ ساحلی علاقوں میں سمندری لہروں کے بلند ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
ریاض سمیت کئی شہروں میں ہونے والی بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جبکہ مکہ مکرمہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ مسجد الحرام میں زائرین نے بارش کے دوران طوافِ کعبہ جاری رکھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مدینہ منورہ، العلا اور خیبر میں پیر سے جمعرات تک ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جبکہ وادی الفرع، بدر اور المہد میں جمعے تک نسبتاً زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔ حائل اور تبوک کے مختلف علاقوں میں بھی آئندہ چند روز کے دوران بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب سعودی شہری دفاع نے عوام اور مقیم افراد کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لوگوں کو نشیبی علاقوں، وادیوں اور ایسے مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے جہاں اچانک سیلاب آسکتا ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پانی جمع ہونے والے علاقوں میں داخل نہ ہوں اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔









