سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش، بھارتی یوٹیوبر کے گھر بڑی چوری

0
24
سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش، بھارتی یوٹیوبر کے گھر بڑی چوری

کنیاکماری: بھارت کی ریاست تمل ناڈو میں ایک معروف یوٹیوبر کے گھر مبینہ طور پر بڑی چوری کی واردات ہوئی ہے، جس میں نامعلوم ملزمان زیورات اور نقد رقم سمیت تقریباً ایک کروڑ بھارتی روپے مالیت کا سامان لے گئے۔

کنیاکماری کے ناگرکوئل علاقے میں واقع وی آئی پی گارڈن میں یہ واردات اس وقت پیش آئی جب یوٹیوبر مدھومیتا اور ان کے اہل خانہ خریداری کے لیے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔

گھر واپسی پر اہل خانہ نے دیکھا کہ لاکر کھلا ہوا تھا اور اس میں موجود قیمتی اشیا غائب تھیں، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔

مدھومیتا سوشل میڈیا پر اپنی پرتعیش طرزِ زندگی کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے کے باعث خاصی مقبول ہیں۔ ان کی متعدد پوسٹس میں سونے اور ہیرے کے زیورات، نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیا دکھائی دیتی ہیں۔

پولیس نے تحقیقات کے دوران ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کا بھی جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ تفتیش کار یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا ان پوسٹس میں موجود معلومات سے چوروں کو گھر یا قیمتی سامان سے متعلق کوئی مدد ملی تھی یا نہیں۔

رپورٹس کے مطابق بعض پرانی ویڈیوز میں بڑی مقدار میں نقد رقم دکھائی گئی تھی، جبکہ ایک ویڈیو میں بچے پر نوٹ نچھاور کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔

پولیس نے واقعے کی تفتیش کے لیے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جو مشتبہ افراد کی شناخت اور چوری شدہ سامان کی بازیابی کے لیے کام کر رہی ہیں۔

حکام نے تاحال یہ تصدیق نہیں کی کہ واردات کا تعلق یوٹیوبر کی سوشل میڈیا پوسٹس سے تھا۔ تاہم واقعے نے ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر قیمتی اشیا، گھر کی تفصیلات اور روزمرہ معمولات کی غیر ضروری تشہیر سے پیدا ہونے والے ممکنہ سکیورٹی خطرات کو نمایاں کیا ہے۔

Leave a reply