خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق مشاورت

0
10
خیبرپختونخوا میں گورنر راج سے متعلق مشاورت

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے مشاورت کی گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی پولیس سے متعلق حکومتی پالیسی پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں اور مراعات دیگر شعبوں کے مقابلے میں مناسب نہیں، جبکہ پولیس کو حکومتی کنٹرول میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت پولیس کے نظام میں ایسی تبدیلیاں کرنا چاہتی ہے جن کے تحت آئی جی، ڈی آئی جیز اور ڈی پی اوز کی تعیناتیوں میں اس کا کردار بڑھ جائے۔ ان کے مطابق وہ اس نوعیت کے اقدام کی مخالفت کریں گے۔

گورنر کے پی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن، لاقانونیت اور دہشت گردی جیسے مسائل موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت مخصوص حالات میں گورنر راج کا نفاذ ممکن ہے اور اس معاملے پر مشاورت ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق سوال پر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان کے خیال میں تحریک انصاف کی جانب سے اس حوالے سے مؤثر تیاری نظر نہیں آ رہی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے بعض ارکان اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ کچھ کارکن گرفتاریاں دے رہے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ انہیں توقع ہے کہ تحریک انصاف جلد لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کر سکتی ہے۔

Leave a reply