شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ملاقات، پاک ایران تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت

0
24
شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ملاقات، پاک ایران تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے میں جاری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر گفتگو کی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے، جبکہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں کی بحالی کے لیے مختلف سطحوں پر کوششیں جاری ہیں۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان اور قطر بھی دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں۔

نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی توجہ ایران جنگ کے خاتمے اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر مرکوز ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت اور امن کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے پاکستان پرعزم ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان دونوں فریقوں کے درمیان مخلصانہ اور دیانت دارانہ ثالثی کی کوشش کر رہا ہے جبکہ دیگر دوست ممالک بھی خطے میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جس میں پاکستان کا مؤقف اور علاقائی صورتحال پر حکومتی ترجیحات سامنے آنے کا امکان ہے۔

Leave a reply