
لاہور: پنجاب حکومت نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت سے 27 ستمبر سے بعض علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز معطل یا محدود کرنے کی درخواست کردی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے وفاق کو ارسال کیے گئے خط میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند کرنے کے ساتھ بعض مقامات پر سگنلز کی استعداد کم کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹک اور راولپنڈی کے کچھ مخصوص علاقوں میں مواصلاتی سہولیات محدود کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ مارچ کے پیش نظر مختلف راستوں پر سکیورٹی انتظامات سخت کیے جا رہے ہیں اور متعدد مقامات پر رکاوٹیں قائم کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کا بھی بتایا گیا ہے۔








