
ایکس (سابق ٹوئٹر) نے اپنی میسجنگ سروس کے صارفین کیلئے ’ایکس نمبر‘ کے نام سے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے فون نمبر ظاہر کیے بغیر دوسرے افراد سے رابطہ کیا جا سکے گا۔
کمپنی کے مطابق ایکس چیٹ استعمال کرنے والے صارفین کو ایک منفرد اور نجی کوڈ فراہم کیا جائے گا۔ صارف یہ کوڈ ان افراد کے ساتھ شیئر کرسکیں گے جنہیں وہ فالو نہیں کرتے، جس کے بعد وہ انہیں براہِ راست پیغام بھیجنے یا کال کرنے کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔
ایکس کے مطابق ایکس نمبر کے ذریعے موصول ہونے والی گفتگو عام میسج ریکوئسٹ کے بجائے براہِ راست ان باکس میں پہنچے گی، تاہم کال کی سہولت دوسرے صارف کی کال پرائیویسی سیٹنگز سے مشروط ہوگی۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ایکس نمبر دراصل فون نمبر نہیں بلکہ ایک الگ شناختی کوڈ ہے۔ یہ فیچر اختیاری رکھا گیا ہے اور صارف اسے اپنی مرضی سے فعال یا غیر فعال کرسکتے ہیں۔
صارف کو ضرورت پڑنے پر اپنا ایکس نمبر ریفریش کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ نیا کوڈ بننے کے بعد سابقہ کوڈ رکھنے والے افراد کے ذریعے رابطہ ممکن نہیں رہے گا۔
ایکس نمبر استعمال کرنے کیلئے ایکس چیٹ کھول کر چیٹ پن درج کرنا ہوگا، جس کے بعد ان باکس کے ڈراپ ڈاؤن مینو میں موجود ’نمبر‘ کے آپشن سے اس فیچر تک رسائی حاصل کی جاسکے گی۔
واضح رہے کہ ایکس نے رواں سال اپریل میں اپنی ایکس چیٹ ایپ متعارف کرائی تھی، جسے پلیٹ فارم کی جانب سے جدید میسجنگ سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔









