
نیویارک: پاکستان اور سعودی عرب نے سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی پیشگی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
معاہدے پرنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیرخارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران دستخط کیے۔
اسحاق ڈار کے مطابق معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے متعلقہ حکام اور سرکاری نمائندے، جن کے پاس سفارتی، سرکاری یا خصوصی نوعیت کے پاسپورٹ ہوں، سرکاری امور کے سلسلے میں سفر کے لیے پہلے سے ویزا حاصل کرنے کی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔
پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے دونوں ملکوں کے اعلیٰ حکام کے درمیان آمدورفت، سرکاری وفود کے تبادلے اور ادارہ جاتی روابط مزید سہل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ویزا سے متعلق اس سہولت کے نتیجے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور سرکاری سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، سفارتی، دفاعی اور اقتصادی شعبوں میں پہلے سے قریبی روابط موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور سرکاری وفود کے تبادلوں کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔
نئے معاہدے کے بعد سفارتی، سرکاری اور خصوصی پاسپورٹ رکھنے والے متعلقہ افراد کے لیے سرکاری ذمہ داریوں کی انجام دہی کے سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان سفر کا عمل مزید آسان ہونے کی توقع ہے۔








