پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا نیا پلان سامنے آگیا

0
0
پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا نیا پلان سامنے آگیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا نے 27 ستمبر کو ہونے والے لانگ مارچ کے حوالے سے حکمت عملی میں تبدیلی کرلی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا سے روانہ ہونے والے قافلے ابتدائی طور پر براہِ راست اسلام آباد کا رخ نہیں کریں گے بلکہ موٹر وے کے ذریعے صوابی تک پہنچیں گے۔ اس کے بعد صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اگلے مرحلے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر راستے کی صورتحال سازگار رہی تو قافلوں کو صوابی سے ہری پور کی جانب منتقل کیا جائے گا، جبکہ 28 ستمبر کو حالات کا جائزہ لینے کے بعد اسلام آباد کی طرف پیش قدمی سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پنجاب کی قیادت سے بھی احتجاجی سرگرمی میں بھرپور شرکت پر نظر رکھنے کی درخواست کی گئی۔ اجلاس میں بعض ارکان نے رائے دی کہ پنجاب سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد میں شرکت لانگ مارچ کی پیش رفت کے لیے اہم ہوگی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ مؤقف بھی سامنے آیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کی روزانہ سماعت کا مطالبہ منظور کرلیا جاتا ہے تو لانگ مارچ ختم کرنے پر غور کیا جاسکتا ہے۔

اجلاس کے دوران لاہور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی مبینہ گرفتاری کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، جسے بعض پارلیمنٹیرینز نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے پہلے ہی 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ تاہم صوابی، ہری پور اور 28 ستمبر کی حکمت عملی سے متعلق نئی تفصیلات پارٹی ذرائع سے سامنے آئی ہیں۔

Leave a reply