
ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان ایک بار پھر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گنیش چترتھی کی تقریب میں شریک ہوئے، جہاں پوجا کے دوران پیش آنے والے ایک دلچسپ لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔
سلمان خان نے اپنے بھائی سہیل خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ گنپتی وسرجن کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ آرتی میں بھی حصہ لیا۔
آرتی کے دوران سلمان خان سے رسومات ادا کرتے ہوئے ایک معمولی غلطی ہوئی۔ ان کی بہن ارپیتا خان نے فوراً اس جانب توجہ دلائی اور آرتی کرنے کا درست طریقہ بتایا۔ سلمان خان نے بھی مسکراتے ہوئے اپنی غلطی تسلیم کی اور فوراً طریقہ درست کر لیا۔
تقریب کی ویڈیو میں اداکار خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے۔ ان کے ساتھ یولیا ونتور بھی موجود تھیں، جبکہ ارباز خان کے بیٹے ارہان خان نے گنیش کی مورتی کے وسرجن میں حصہ لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وسرجن سہیل خان کی رہائش گاہ کے احاطے میں موجود ایک بڑے پانی کے ٹینک میں کیا گیا۔ اس موقع پر ارپیتا خان، الویرا خان اگنی ہوتری اور خاندان کے دیگر افراد بھی شریک تھے۔ اداکار ورون شرما نے بھی پوجا کی رسومات میں شرکت کی۔
سلمان خان اس موقع پر روایتی لباس کے بجائے غیر رسمی انداز میں نظر آئے۔ انہوں نے جینز، جیکٹ اور بینی پہن رکھی تھی۔
خان خاندان کی جانب سے مختلف مذہبی اور ثقافتی تہواروں میں شرکت کوئی نئی بات نہیں۔ سلمان خان ماضی میں بھی گنیش چترتھی سمیت دیگر تہواروں کی تقریبات میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ شریک ہوتے رہے ہیں۔
ادھر سلمان خان کے فلمی منصوبوں کی بات کی جائے تو وہ ہدایت کار ومشی پیڈیپلی کی ایک آنے والی فلم پر کام کر رہے ہیں، جس میں نین تارا بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ دونوں اداکار پہلی مرتبہ ایک ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔
اس کے علاوہ سلمان خان کی فلم ’ماتروبھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ بھی خبروں میں ہے، تاہم اس منصوبے کی ریلیز سے متعلق صورتحال فی الحال واضح نہیں۔









