
اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کم کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے ملک میں مختلف نوعیت کے اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے، جنمیں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز بھی شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سرکاری و نجی شعبے کی سرگرمیاں محدود کرنے اور نقل و حمل میں کمی لانے سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دفاتر میں ہفتے کے چار دن کام اور جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تعطیلات کی تجویز زیرغور ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کو مختلف شفٹوں یا روٹیشن کے تحت کام کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
اجلاس میں سرکاری گاڑیوں کے استعمال میں کمی، بعض بازاروں کو ہفتے میں تین دن بند رکھنے اور کاروباری مراکز کے اوقات کار محدود کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ایندھن کی کھپت کم کرنا اور پٹرولیم مصنوعات کی مہنگائی کے اثرات کو محدود کرنا ہے۔ اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق حتمی فیصلہ اور حکومتی اعلان آج شام متوقع ہے۔









