100 روپے فی لیٹر پیٹرول ریلیف، حکومت نے رجسٹریشن کا طریقہ بتا دیا

0
0
100 روپے فی لیٹر پیٹرول ریلیف، حکومت نے رجسٹریشن کا طریقہ بتا دیا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر خصوصی رعایت حاصل کرنے کا طریقہ کار جاری کردیا ہے۔

حکومت کے مطابق اس ریلیف پروگرام کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری موبائل فون سے ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن کراسکیں گے۔ شناختی کارڈ اور گاڑی کی معلومات کی تصدیق کے بعد اہل افراد کو ماہانہ مقررہ کوٹے کے تحت رعایتی پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔

ماہانہ کتنا پیٹرول ملے گا؟

اسکیم کے تحت موٹرسائیکل اور چنگچی رکشہ مالکان کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ 30 لیٹر تک پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت مقرر کی گئی ہے۔

گاڑیوں کی اہلیت جانچنے کے لیے صوبائی ایکسائز اور ٹرانسپورٹ محکموں کے ریکارڈ سے خودکار تصدیق کی جائے گی، تاکہ صرف مستحق اور درست ریکارڈ رکھنے والے شہری ہی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

رجسٹریشن کا طریقہ

رجسٹریشن کے لیے شہری کو اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم سے 9771 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔

پیغام میں درج ذیل معلومات اسی ترتیب سے فراہم کرنا ہوں گی:

REG شناختی کارڈ نمبر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر صوبے کا کوڈ گاڑی کی رجسٹریشن تاریخ

شناختی کارڈ اور گاڑی کے نمبر میں ڈیش یا غیر ضروری اسپیس استعمال نہیں کی جائے گی۔

صوبوں کے لیے کوڈ یہ ہوں گے:

– اسلام آباد: I
– پنجاب: P
– سندھ: S
– خیبر پختونخوا: K
– بلوچستان: B
– آزاد کشمیر: A
– گلگت بلتستان: G

درخواست موصول ہونے کے بعد متعلقہ نظام شہری کی فراہم کردہ معلومات کی تصدیق کرے گا اور کامیاب رجسٹریشن کی صورت میں موبائل فون پر اطلاع بھیجی جائے گی۔

پیٹرول لینے سے پہلے ٹوکن ضروری

رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد رعایتی پیٹرول حاصل کرنے کے لیے شہری کو پیٹرول پمپ جانے سے پہلے فیول ٹوکن حاصل کرنا ہوگا۔

اس کے لیے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے TOK لکھ کر 9771 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔ جواب میں موصول ہونے والا ٹوکن متعلقہ پیٹرول پمپ پر دکھانا ہوگا، جہاں تصدیق کے بعد ماہانہ کوٹے کے مطابق رعایتی پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔

اسکیم کب شروع ہوگی؟

حکومت کے اعلان کے مطابق اسلام آباد میں رعایتی پیٹرول کی فراہمی 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب سے شروع کی جارہی ہے۔

ملک کے دیگر علاقوں، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں، اس سہولت کا آغاز 17 اور 18 ستمبر کی درمیانی شب سے متوقع ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد بڑھتی ہوئی پیٹرول قیمتوں کے اثرات سے موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑی استعمال کرنے والے عام شہریوں اور محنت کش طبقے کو براہِ راست مالی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

Leave a reply