خیبرپختونخوا کے 26 اضلاع ہارڈ ایریا قرار، افسران کیلئے خصوصی الاؤنس منظور

0
25
خیبرپختونخوا کے 26 اضلاع ہارڈ ایریا قرار، افسران کیلئے خصوصی الاؤنس منظور

پشاور: وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے 6 ریجنز میں شامل 26 اضلاع کو ہارڈ ایریا قرار دیتے ہوئے وہاں تعینات وفاقی انتظامی اور پولیس افسران کیلئے سکیورٹی رسک الاؤنس کی منظوری دے دی ہے۔

اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

مراسلے کے مطابق ہارڈ ایریا قرار دیے گئے اضلاع میں پشاور، خیبر، مردان، چارسدہ، مہمند، نوشہرہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، کرم، اورکزئی، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر و لوئر، سوات، بونیر، شانگلہ، باجوڑ، دیر اپر و لوئر اور چترال اپر و لوئر شامل ہیں۔

حکومت کے فیصلے کے تحت متعلقہ وفاقی انتظامی اور پولیس افسران کو بنیادی تنخواہ کے 250 فیصد کے برابر سکیورٹی رسک الاؤنس دیا جائے گا۔ یہ الاؤنس افسر کے متعلقہ علاقے سے تبادلے کے ساتھ ہی ختم ہوجائے گا۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ الاؤنس کی ادائیگی وفاقی حکومت کرے گی اور اس پر انکم ٹیکس عائد ہوگا۔ تاہم معطلی، او ایس ڈی، جوائننگ ٹائم اور تربیتی مدت کے دوران افسران اس سہولت کے حقدار نہیں ہوں گے۔

سکیورٹی رسک الاؤنس کو پنشن یا گریجویٹی کے حساب میں بھی شامل نہیں کیا جائے گا۔

حکومتی فیصلے کے مطابق صوابی اور ہزارہ ڈویژن میں تعینات افسران اس الاؤنس کے دائرہ کار میں شامل نہیں ہیں۔

Leave a reply