جنوبی کوریا میں تمام شہریوں کے لیے مفت اور لامحدود اے آئی سہولت کا آغاز

0
22
جنوبی کوریا میں تمام شہریوں کے لیے مفت اور لامحدود اے آئی سہولت کا آغاز

جنوبی کوریا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو عام شہریوں تک پہنچانے کے لیے ایک منفرد منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ملک کے شہریوں کو جنریٹیو اے آئی کی مفت اور وسیع رسائی فراہم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

حکومت کے منصوبے کے مطابق اس اقدام کو ’اے آئی فار آل‘ کا نام دیا گیا ہے، جبکہ سروس کی ابتدائی آزمائش ستمبر 2026 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارتِ سائنس نے اگست میں تین مقامی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اس منصوبے پر کام کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔ ان کمپنیوں میں ملک کے بڑے ٹیلی کمیونیکیشن اداروں کے ساتھ ایک معروف میسجنگ پلیٹ فارم بھی شامل ہے۔

منصوبے کے تحت اے آئی کو ایسی ڈیجیٹل سروسز میں شامل کیا جائے گا جنہیں شہری پہلے ہی روزمرہ زندگی میں استعمال کرتے ہیں۔ صارفین مختلف ذرائع، جن میں موبائل فون، پیغامات اور ویب پلیٹ فارمز شامل ہیں، کے ذریعے اے آئی سہولت حاصل کرسکیں گے۔

حکومت کی جانب سے اے آئی کو سرکاری خدمات سے جوڑنے کا بھی منصوبہ ہے۔ اس کے ذریعے شہری ڈاکٹر سے ملاقات کا وقت لینے، رہائش کی تلاش، ٹیکس سے متعلق رہنمائی اور دیگر روزمرہ معاملات میں مصنوعی ذہانت سے مدد حاصل کرسکیں گے۔

اسی طرح والدین کے لیے بچوں کی تعلیم سے متعلق موزوں مواد اور تجاویز فراہم کرنے کی سہولت بھی متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

جنوبی کوریا نے مصنوعی ذہانت سے متعلق اپنی پالیسی کو مزید وسعت دینے کے لیے 2026 کے دوران اے آئی منصوبوں کے لیے تقریباً 7.2 ارب ڈالر مختص کیے ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ رقم ہے۔

اس اقدام کے ذریعے جنوبی کوریا کا مقصد اے آئی ٹیکنالوجی کو صرف کاروباری یا مخصوص صارفین تک محدود رکھنے کے بجائے اسے عام شہریوں کی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہے۔

Leave a reply