ایران کا امریکی خودکار آبدوز اور ڈرون پکڑنے کا دعویٰ

0
12
ایران کا امریکی خودکار آبدوز اور ڈرون پکڑنے کا دعویٰ

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی خودکار زیرِ آب ڈرون کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق زیرِ آب ڈرون جدید نوعیت کا خودکار نظام ہے، جسے سمندری نقشہ سازی، بارودی سرنگوں کی نشاندہی و صفائی اور زیرِ آب پائپ لائنز و مواصلاتی کیبلز کی نگرانی جیسے کاموں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کا کہنا ہے کہ امریکی زیرِ آب ڈرون کو آبنائے ہرمز کے دہانے کے قریب کارروائی کے دوران قابو کیا گیا۔

دوسری جانب امریکی حکام نے مبینہ واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک زیرِ آب ڈرون ایک روز قبل تکنیکی خرابی کا شکار ہوا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق یہ نسبتاً پرانا ماڈل تھا اور اس میں حساس معلومات یا خفیہ نوعیت کے نگرانی کے آلات موجود نہیں تھے۔

ایران نے ایک الگ دعوے میں آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی ایم کیو ون ڈرون مار گرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ڈرون کو ملک کے مربوط فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون کو ایک نئے فضائی دفاعی نظام کی مدد سے تباہ کیا گیا، تاہم اس دعوے کی مزید آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔

Leave a reply