
اسلام آباد: حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کردیا، جس کے بعد ملک بھر میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نئے نرخ فوری طور پر نافذ ہوگئے ہیں۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 364 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 4 روپے 18 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت بڑھ کر 385 روپے 95 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
یہ مسلسل دوسرا موقع ہے جب حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کیا ہے۔ اس سے ایک روز قبل بھی پٹرول کی قیمت میں 12 روپے 90 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔
حالیہ دونوں اضافوں کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند سطح پر پہنچ گئی ہیں، جس سے شہریوں کے سفری اخراجات اور مجموعی مہنگائی پر مزید دباؤ آنے کا امکان ہے۔









