
ویب ڈیسک: مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اسٹیٹس فیچر کو مزید بہتر بنانے کی جانب ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے میوزک کلپس کے دورانیے میں اضافہ کردیا ہے۔
واٹس ایپ صارفین اسٹیٹس میں تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ میوزک بھی شامل کرسکتے ہیں، تاہم پہلے اس مقصد کے لیے زیادہ سے زیادہ 15 سیکنڈ کا میوزک کلپ استعمال کیا جاسکتا تھا۔
اب کمپنی کی جانب سے بعض صارفین کو 30 سیکنڈ تک طویل میوزک کلپ اسٹیٹس میں شامل کرنے کی سہولت دی جارہی ہے۔
اس تبدیلی کے بعد صارفین کو اپنے پسندیدہ گانوں کے نسبتاً طویل حصے اسٹیٹس کے ذریعے شیئر کرنے کا موقع ملے گا، جبکہ یہ دورانیہ مختصر ویڈیو یا تصویر پر مبنی اسٹیٹس کے لیے بھی زیادہ موزوں ہوسکتا ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق رپورٹس کے مطابق نیا فیچر اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے مرحلہ وار جاری کیا جا رہا ہے۔ فی الحال یہ سہولت محدود تعداد میں صارفین کو حاصل ہے، تاہم آنے والے دنوں میں مزید صارفین تک اس کی رسائی متوقع ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے حالیہ عرصے میں اسٹیٹس سمیت مختلف فیچرز میں مسلسل تبدیلیاں کی جارہی ہیں تاکہ صارفین کو مواد شیئر کرنے کے مزید بہتر اور آسان طریقے فراہم کیے جاسکیں۔









