سعودی عرب سے کراچی تک نیا فضائی رابطہ، مسافروں کیلئے خوشخبری

سعودی عرب کی کم لاگت فضائی کمپنی فلائی آڈیل نے مدینہ منورہ اور کراچی کے درمیان نئی فضائی سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ اس روٹ پر ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی۔
نئی سروس کے تحت مدینہ سے آنے والی پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی، جس کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی رابطے کے مزید فروغ کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
فلائی آڈیل اس روٹ پر ایئربس اے 320 نیو طیارے استعمال کرے گی، جن میں 186 مسافروں کی گنجائش ہے۔ طیاروں میں اکانومی کلاس نشستوں کے ساتھ مسافروں کیلئے موبائل اور دیگر الیکٹرانک آلات چارج کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
مدینہ سے کراچی کی سروس کے آغاز کے بعد پاکستان سے فلائی آڈیل کے بین الاقوامی روٹس کی تعداد سات ہوگئی ہے۔ کمپنی نے گزشتہ برس پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز محدود روٹس سے کیا تھا۔
نئی سروس کے باعث کراچی کیلئے سعودی عرب سے فلائی آڈیل کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو ریاض کے علاوہ مدینہ منورہ سے بھی براہِ راست فضائی رابطے کی سہولت حاصل ہوگئی ہے۔
کمپنی کے مطابق مدینہ-کراچی روٹ اس کی بین الاقوامی توسیعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ فلائی آڈیل مستقبل میں اپنے فضائی نیٹ ورک اور بیڑے کو مزید وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
توسیعی منصوبے کے تحت کمپنی 2027 سے ایئربس اے 321 نیو اور اے 330-900 نیو طیارے بھی اپنے بیڑے میں شامل کرنے کی توقع رکھتی ہے۔









