روس اور یوکرین میں فضائی حملوں کے تین روزہ وقفے پر اتفاق

روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوران فضائی حملوں میں تین روزہ عارضی وقفے پر اتفاق سامنے آیا ہے۔
روسی صدارتی دفتر کریملن کے مطابق یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے طویل ملاقات کے بعد ہوئی۔
کریملن کا کہنا ہے کہ تقریباً تین گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات میں روس، یوکرین جنگ کے خاتمے، ممکنہ جنگ بندی اور مستقبل کے امن فارمولے سمیت مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی حکام کے مطابق مذاکرات تعمیری رہے اور جنگ کے خاتمے کے لیے متعدد تجاویز پر غور کیا گیا۔ امریکی نمائندوں نے روسی مؤقف کو یوکرینی حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وٹکوف اور کشنر یوکرین کا دورہ کرکے روس کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز اور جنگ بندی سے متعلق امور پر یوکرینی قیادت سے بات چیت کریں گے۔
تین روزہ فضائی وقفے کو جنگ کے خاتمے کی جانب ایک عارضی سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم مستقل جنگ بندی اور دیرپا امن کا انحصار آئندہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کم ہونے پر ہوگا۔









