
کراچی: یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر مزارِ قائد کراچی میں گارڈز کی تبدیلی کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے مزارِقائد پر گارڈزکےفرائض سنبھال لیے۔
تقریب میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کے 72 کیڈٹس پر مشتمل دستے نے شرکت کی۔ دستے میں 64 مرد اور 8 خواتین کیڈٹس شامل تھیں، جنہوں نے مزارِ قائد پر شاندار پریڈ پیش کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان، ایئر وائس مارشل حسن فیصل تھے۔
یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر ملک بھر میں شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف تقریبات جاری ہیں۔ مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔
مسلح افواج نے اپنے پیغام میں 6 ستمبر کو قومی اتحاد، بہادری اور عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ بیان کے مطابق 1965 کی جنگ کے دوران پاکستانی قوم نے ملکی دفاع کے لیے اتحاد اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، جبکہ شہداء نے فرض شناسی اور قربانی کی مثال قائم کی۔
مسلح افواج نے شہداء کے اہلِ خانہ کی خدمات اور قربانیوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان خاندانوں کی استقامت اور حوصلہ نئی نسلوں کے لیے مثال ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پُرامن اور ذمہ دارانہ پالیسی پر قائم ہے۔
مسلح افواج نے واضح کیا کہ امن اور بقائے باہمی کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور کسی بھی جارحیت کی صورت میں ملک کے دفاع کے لیے بروقت اور مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
فوجی قیادت نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ مسلح افواج قومی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ صلاحیت، عزم اور وقار کے ساتھ انجام دیتی رہیں گی۔








