
اسلام آباد: سانحہ پمز کے معاملے میں ذمہ دار قرار دیے گئے افسران کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 8 معطل افسران کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے اور ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
اس معاملے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے ذمہ دار افسران کے خلاف قانونی اور فوجداری کارروائی کی سفارش کی تھی، جس کی روشنی میں وفاقی پولیس نے ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی باضابطہ سفارش متعلقہ حکام کو بھجوا دی ہے۔
معطل کیے جانے والے افسران میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکام نے متعلقہ افسران کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ان کے خلاف مقدمات کے اندراج سمیت مزید قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران کے خلاف کارروائی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات اور متعلقہ اداروں کی منظوری کے بعد آگے بڑھائی جا رہی ہے۔








