پمز آتشزدگی: نومولود کی جان بچانے والی نرس کے لیے قومی اعزاز کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے دوران غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نومولود بچے کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کے جذبۂ خدمت اور جرات کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ انہیں ان کی بہادری کے اعتراف میں آئندہ 23 مارچ کو تمغۂ خدمت سے نوازا جائے گا۔
وزیراعظم کی جانب سے نرس کے لیے ایک کروڑ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ رضیہ نورین نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر نومولود کی زندگی محفوظ بنانے کے لیے جس حوصلے کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان کی بہادری اور فرض شناسی پر فخر کرتی ہے۔
وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس عظیم انسانی خدمت کا بہترین اجر عطا فرمائے۔







