
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو نے اپنی نجی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ہر خوشی کو عوام کے ساتھ شیئر کرنا ضروری نہیں ہوتا۔
اداکارہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی اور سوشل میڈیا کے استعمال پر گفتگو کی۔ تاپسی پنو کے مطابق وہ وقت کے ساتھ اس نتیجے پر پہنچی ہیں کہ سوشل میڈیا پر اپنی نجی خوشیاں شیئر کرنے سے بعض اوقات غیر ضروری تنقید اور منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تاپسی پنو نے بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاس بوئی کے ساتھ 2024 میں شادی کی تھی، تاہم انہوں نے اپنی شادی کی تصاویر خود سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کیں۔ ان کی شادی سے متعلق ایک ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر سامنے آئی، جس پر اداکارہ نے ناراضی کا اظہار کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی شادی یا شوہر کے ساتھ ذاتی لمحات کو سوشل میڈیا کے بجائے حقیقی زندگی میں منانا زیادہ پسند کرتی ہیں۔ ان کے مطابق اگر شوہر کی سالگرہ یا کوئی خاص موقع ہو تو وہ اسے آن لائن پوسٹ کرنے کے بجائے براہِ راست مبارکباد دینا بہتر سمجھتی ہیں۔
تاپسی نے بتایا کہ وہ انسٹاگرام کے ابتدائی دور سے ہی اس پلیٹ فارم کا حصہ ہیں۔ ابتدا میں انہیں اپنی زندگی کے مختلف پہلو اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کرنا اچھا لگتا تھا، لیکن وقت کے ساتھ سوشل میڈیا کے بدلتے ہوئے ماحول نے ان کی سوچ تبدیل کر دی۔
ان کے مطابق اب سوشل میڈیا پر معمولی بات بھی تنازع کا سبب بن سکتی ہے اور بعض افراد دوسروں پر تنقید کرکے توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے انہوں نے اپنی ذاتی خوشیوں کو عوامی بحث کا موضوع بنانے کے بجائے محدود رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ مسلسل منفی تبصرے انسان کی شخصیت اور حساسیت کو متاثر کر سکتے ہیں۔ وہ نہیں چاہتیں کہ دوسروں کی باتوں سے خود کو بچاتے بچاتے ان کے اندر احساسات ہی ختم ہوجائیں، کیونکہ ایک فنکار کے لیے جذبات اور حساسیت انتہائی اہم ہیں۔
تاپسی پنو کے مطابق ایک اداکار کے جذبات اس کی اداکاری میں بھی دکھائی دیتے ہیں، اس لیے وہ خود کو مکمل طور پر بے حس نہیں بنانا چاہتیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کا سوشل میڈیا سے وقفہ لینا یا ذاتی زندگی کم دکھانا کسی سے ناراضی نہیں بلکہ اپنی ذہنی سکون اور نجی خوشیوں کی حفاظت کا ایک طریقہ ہے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ زندگی کے ہر خوبصورت لمحے کو سوشل میڈیا پر دکھانا ضروری نہیں، کچھ خوشیاں ایسی بھی ہوتی ہیں جنہیں انسان اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ خاموشی سے منانا پسند کرتا ہے۔









