اسلام آباد، راولپنڈی میں شدید بارش، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

0
34
اسلام آباد، راولپنڈی میں شدید بارش، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

اسلام آباد/راولپنڈی: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں رات گئے تیز بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں اور خطہ پوٹھوہار میں 5 ستمبر تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

حکام کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری سیلاب کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی برقرار ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خراب موسم کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

موسمی نظام کے اثرات کے باعث آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 6 ستمبر تک بارشیں متوقع ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی 5 ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے متعدد اضلاع، جن میں مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور اور اوکاڑہ شامل ہیں، میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ممکنہ بارشوں اور ہنگامی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں کی نگرانی، برساتی نالوں کی صفائی اور پانی کی بروقت نکاسی کے انتظامات یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پہاڑی اور سیاحتی مقامات کا سفر کرنے والے افراد کو موسم کی تازہ صورتحال دیکھ کر سفر کا فیصلہ کرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے والے علاقوں میں غیر ضروری جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave a reply