گوجرانوالہ پاسپورٹ آفس قبل از وقت بند، محسن نقوی کا سخت ایکشن

0
52
گوجرانوالہ پاسپورٹ آفس قبل از وقت بند، محسن نقوی کا سخت ایکشن

گوجرانوالہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے اچانک دورے کے دوران گوجرانوالہ کے ریجنل پاسپورٹ آفس میں مقررہ اوقات کار کی خلاف ورزی سامنے آگئی، جس پر وزیر داخلہ نے سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

محسن نقوی نے تقریباً 4 بجے پاسپورٹ آفس کا اچانک معائنہ کیا تو دفتر میں صفائی کا عمل جاری تھا اور بیشتر عملہ موجود نہیں تھا۔ شہریوں کو بھی پاسپورٹ سے متعلق خدمات فراہم کرنے کے بجائے دفتر کے گیٹ سے واپس بھیجے جانے کی شکایات سامنے آئیں۔

سرکاری شیڈول کے مطابق دفتر کو شام ساڑھے 4 بجے تک فعال رہنا تھا، تاہم معائنے کے وقت وہاں صرف ایک ملازم موجود تھا۔ وزیر داخلہ نے دفتر کی قبل از وقت بندش اور عملے کی غیر حاضری پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے اور دفتر میں شہریوں کو بلا تعطل سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سرکاری ادارے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم کیے گئے ہیں، اس لیے مقررہ اوقات میں دفاتر بند کرنا یا شہریوں کو واپس بھیجنا ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری خدمات میں غفلت اور بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بعد ازاں محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں قائم 24 گھنٹے فعال میگا نادرا سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور ان کی شکایات سنیں۔

وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ میگا نادرا سینٹر میں پاسپورٹ سے متعلق سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے شہریوں کو پاسپورٹ خدمات کے لیے الگ دفتر جانے کی ضرورت کم ہوگی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

Leave a reply